مستونگ: پاکستانی فورسز پر حملے، بکتر بند گاڑی تباہ

51

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پاکستانی فورسز کو مسلح حملوں اور بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کے باعث فورسز کو جانی نقصانات اٹھانے پڑے ہیں جبکہ ایک بکتر بند گاڑی تباہ ہوئی ہے۔

مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں مسلح افراد نے پاکستانی فوج کے پیدل اہلکاروں کو مسلح حملے میں نشانہ بنانے کے بعد بکتر بند گاڑی کو بم دھماکے میں نشانہ بناکر تباہ کردیا۔

علاقائی ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ گذشتہ روز پاکستانی فوج کے پیدل اہلکاروں کو اس وقت مسلح افراد نے حملے میں نشانہ بنایا جب فورسز اہلکار علاقے میں نصب ‘بلوچستان کے پرچم’ کو نکالنے کیلئے پہنچے تھیں۔

حملے کے بعد فورسز نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر علاقے میں پیش قدمی کی جس پر نامعلوم افراد نے فورسز کی بکتر بند گاڑی کو دھماکے میں نشانہ بناکر تباہ کردیا جبکہ دھماکے میں فورسز کے موٹر سائیکل سوار اہلکاروں کے زد میں آنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

حکام نے تاحال نقصانات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

مذکورہ علاقے میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں جو مختلف اوقات میں فورسز کو حملوں میں نشانہ بناتے رہے ہیں۔