سبی: مسلح افراد کی شاہراہ پر ناکہ بندی، فورسز کے ساتھ جھڑپیں

45

مسلح افراد نے سبی کے قریب ناکہ بندی قائم کرتے ہوئے معدنیات لے جانے والے گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔

بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے ڈنگڑا کے قریب حاجی شہر تھانہ کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ سے سندھ اور پنجاب جانے والی قومی شاہراہ پر ناکہ بندی قائم کرتے ہوئے آنے جانے والی گاڑیوں کی تلاشی لی۔

اس دوران مسلح افراد نے شاہراہ پر مکمل کنٹرول حاصل کرتے ہوئے بلوچستان سے معدنیات لے جانے والے دو گاڑیوں کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

اطلاعات کے مطابق ناکہ بندی کے دوران مسلح افراد اور پاکستانی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، جو کافی دیر تک جاری رہیں، تاہم ان جھڑپوں میں تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ بلوچستان کی مختلف شاہراہوں پر گزشتہ کئی دنوں سے معدنیات لے جانے والے ٹرک اور دیگر گاڑیاں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں کے حملوں کا نشانہ بنتی رہی ہیں۔

بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں اس دوران ان گاڑیوں کو سکیورٹی فراہم کرنے والے پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کو بھی حملوں کا نشانہ بناتی رہی ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستانی فورسز کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

تاہم آج ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔