ڈیرہ بگٹی میں بے روزگاری سے تنگ شخص کی خودسوزی کی کوشش، شدید زخمی

27

ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی کی بگٹی کالونی میں فضلو ہوٹل کے قریب ایک شخص نے بے روزگاری اور معاشی مشکلات سے تنگ آ کر اپنے اوپر پٹرول چھڑک کر خودسوزی کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید جھلس کر زخمی ہو گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق متاثرہ شخص کی شناخت رحمت اللہ بگٹی عرف “لیوری” کے نام سے ہوئی ہے، جو سوئی کی مندر کالونی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد نے زخمی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں اسے علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

واقعے نے علاقے میں بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے بڑھتے ہوئے مسائل پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

حکومت کی جانب سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے دعووں کے باوجود ضلع کے کئی مکین آج بھی بنیادی معاشی مسائل سے دوچار ہیں۔

ضلع ڈیرہ بگٹی اہم ترین گیس پیدا کرنے والے علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ سوئی، پیر کوہ، لوٹی اور اُچ سمیت متعدد گیس فیلڈز کئی دہائیوں سے پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرتی رہی ہیں، تاہم مقامی آبادی اب بھی روزگار، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہی ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے مالی وسائل سے مالا مال ڈیرہ بگٹی کے باسی بے روزی گاری سے تنگ آکر خود کشیاں کررہے ہیں۔