چاغی: تجارتی روٹ پر بڑی گاڑیوں کے قافلے پر ایک اور حملہ

1

بلوچستان میں تجارتی روٹ پر گاڑیوں پر حملوں کا سلسلہ بدستور جاری، کوئٹہ تفتان تجارتی شاہراہ پر بڑی گاڑیوں کے قافلے کو ایک اور حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

چاغی میں چہتر کے قریب گیس پلانٹ کے مقام پر مسلح افراد نے گذشتہ روز تجارتی گاڑیوں کے قافلے میں شامل چار گاڑیوں کو تحویل میں لیکر ان پر فائرنگ کرکے انہیں ناکارہ کردیا۔

مذکورہ گاڑیوں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ بڑے قافلے کی شکل میں فورسز کے ہمراہ علاقے سے گزرہے تھے تاہم فورسز انہیں سیکورٹی فراہم کرنے میں ناکام رہیں۔

اتوار روز بھی چاغی کے علاقے چارسر میں تجارتی گاڑیوں اور ان کو سیکورٹی فراہم کرنے والے فورسز کو مسلح افراد نے حملے میں نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں فورسز کے تین اہلکاروں کے ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔

چارسر میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی قبول کرچکی ہے۔