گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر اساتذہ کی بازیابی کیلئے تربت میں احتجاج

5

گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد، لیکچرر ڈاکٹر ارشاد بلیدی اور ڈرائیور حاتم کی گمشدگی کے خلاف بلوچستان بھر کی جامعات کی طرح 19 مئی 2026 کو یونیورسٹی آف تربت میں بھی بلیک ڈے منایا گیا اور احتجاجی واک کا انعقاد کیا گیا۔

احتجاجی واک میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے نے شرکت کی۔

شرکاء نے مطالبہ کیا کہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور ان کے ساتھیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بحفاظت اور باعزت طور پر رہا کیا جائے۔

شرکاء نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ مغوی اساتذہ اور دیگر افراد کی جلد اور محفوظ بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کرام کی گمشدگی کے باعث ان کے اہل خانہ، یونیورسٹی اساتذہ، طلبہ اور معاشرے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

واک کے شرکاء نے کہا کہ اساتذہ کے خلاف پیش آنے والے ایسے افسوسناک واقعات بلوچستان کے تعلیمی نظام پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔

انہوں نے بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور ان کے ساتھیوں کی خدمات کو ناقابلِ فراموش قرار دیا۔

احتجاجی واک کے اختتام پر شرکاء نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر پُرزور مطالبہ کیا کہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور ان کے ساتھیوں کو فوری طور پر بحفاظت رہا کیا جائے۔