پنجگور: پاکستانی فورسز کی گاڑیوں پر حملہ، سابق صوبائی وزیر کے گھر پر چھاپہ

9

پاکستانی فورسز نے پنجگور میں حملوں کے ردعمل میں متعدد افراد کو تحویل میں لے لیا ہے۔

پنجگور سے موصول اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب خدابادان میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کی گاڑیوں کو حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں فورسز کو جانی و مالی نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

واقعے کے بعد آج پاکستانی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس دوران پاکستانی فورسز نے علاقے میں موجود سابق صوبائی وزیر اور ایم پی اے اسد بلوچ کے گھر پر چھاپہ مار جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران پاکستانی فورسز نے متعدد افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

پاکستانی فورسز کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد تمام افراد تاحال منظرِ عام پر نہیں آ سکے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ صوبائی وزیر کے گھر پر اس سے قبل بھی پاکستانی فورسز نے چھاپہ مار کر ان کے رشتہ داروں کو حراست میں لیا تھا، اسد بلوچ کا تعلق بی این پی عوامی سے ہے، اور پارٹی نے رہنما کے گھر پر فورسز کے چھاپوں کی مذمت کی ہے۔