بلوچستان میں معدنیات کی تلاش میں مصروف نجی کمپنی نیشنل ریسورسز لمیٹڈ کی ایک سائٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے کے بعد ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
دالبندین میں واقع پرنس فہد اسپتال دالبندین منتقل کی جانے والی لاشوں کے مطابق نو افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں ایک غیر ملکی اور دو سکیورٹی گارڈز بھی شامل ہیں۔
کمپنی کے بیان کے مطابق یہ واقعہ 22 اپریل 2026 کو شام تقریباً 5 بج کر 45 منٹ پر ضلع چاغی کے علاقے داریگوان میں پیش آیا۔
کمپنی کے مطابق اس وقت علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ اہلکاروں اور تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ کمپنی کوئٹہ میں رجسٹرڈ ہے اور فاطمہ فرٹیلائزر، لبرٹی ملز اور لکی سیمنٹ کے درمیان ایک مشترکہ منصوبے کے طور پر قائم کی گئی ہے۔
کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق اس کے پاس بلوچستان میں تقریباً 500 مربع کلومیٹر کے علاقے میں سونا اور تانبہ تلاش کرنے کا لائسنس موجود ہے۔
تاہم واقعہ کے ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔


















































