جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ آج بروز منگل 6203ویں روز بھی جاری ۔
وی بی ایم پی نے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں کے سلسلے کا فوری خاتمہ کیا جائے اور تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔ جبری گمشدگیاں انسانی حقوق اور آئینی ضمانتوں کی خلاف ورزی ہیں، جن کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور شاہ جی صبغت اللہ کو آئینی و قانونی تقاضے پورے کیے بغیر عمر قید کی سزا دینا نہ صرف پاکستان کے آئین اور قانون کی روح کے منافی ہے بلکہ شہریوں کو حاصل بنیادی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ہر شہری کو منصفانہ سماعت، قانونی دفاع، اور شفاف عدالتی عمل کا حق حاصل ہے، جس کی ضمانت آئین پاکستان دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کا تقاضا ہے کہ کسی بھی فرد کے خلاف کارروائی مکمل قانونی طریقۂ کار اور انصاف کے اصولوں کے مطابق کی جائے۔ آئینی تحفظات کو نظر انداز کرنا انصاف، انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔


















































