بی وائی سی رہنماؤں کی سزا کے خلاف عوامی ردعمل، بلوچستان بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال

1

بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کے رہنماؤں کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کے خلاف بلوچستان بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق آج بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ، گوادر، خضدار، کیچ، حب چوکی، خاران، پنجگور، دالبندین، قلات، واشک، مستونگ ، نوشکی سمیت دیگر اضلاع میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ یہ ہڑتال ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی بلوچ کو سنائی گئی عمر قید کی سزا اور بی وائی سی رہنماؤں کی مسلسل حراست کے خلاف تھی۔

بلوچستان بھر میں شہریوں نے کاروباری مراکز بند رکھ کر اپنے رہنماؤں سے اظہارِ یکجہتی کیا اور اس فیصلے کو سیاسی اختلافِ رائے کو دبانے کی کوشش قرار دیا۔ اسی طرح کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں بھی مکمل ہڑتال دیکھی گئی، جہاں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے عدالتی کارروائیوں کو غیر منصفانہ اور سیاسی انتقام پر مبنی قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل دیا۔

عوامی حلقوں کے مطابق بعض علاقوں میں دکانداروں کو زبردستی کاروبار کھولنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم اس کے باوجود ہڑتال بڑی حد تک کامیاب رہی۔

مظاہرین نے کہا کہ یہ احتجاج بلوچستان میں سیاسی آوازوں کو دبانے اور طویل عرصے سے جاری گرفتاریوں کے خلاف ایک اجتماعی پیغام ہے۔

بی وائی سی کے مطابق بلوچستان کے شہروں میں ہونے والی اس ہڑتال کو عوامی سطح پر ریاستی پالیسیوں اور عدالتی فیصلوں کے خلاف ایک منظم ردعمل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ شرکاء نے واضح کیا کہ وہ پرامن سیاسی مزاحمت اور اپنے مطالبات کے اظہار کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر کاروباری حضرات اور شہریوں نے بتایا کہ آج کے احتجاج میں رضاکارانہ طور پر شامل ہونے کا مقصد ریاستی جبر کے خلاف اور بی وائی سی کی قیادت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار تھا، جبکہ بعض دکانداروں نے بتایا کہ انہیں فورسز اور مسلح افراد کی طرف سے احتجاج میں شامل ہونے پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔