بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تربت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پیر کے روز تربت کے کمشنر روڈ پر پاکستانی فورسز کی تیز رفتار گاڑی نے سڑک عبور کرنے والی ایک خاتون، حمیدہ، کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
دوسری جانب پاکستانی فورسز کا مؤقف ہے کہ خاتون نے سڑک عبور کرتے وقت احتیاط نہیں برتی، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ تاہم جاں بحق خاتون کے لواحقین نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی متعدد واقعات میں بچے اور دیگر شہری پاکستانی فورسز کی تیز رفتار گاڑیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔
عوامی حلقوں کی جانب سے شکایات سامنے آئی ہیں کہ پاکستانی فورسز کی گاڑیاں آبادیوں اور مصروف شاہراہوں پر تیز رفتاری سے چلائی جاتی ہیں، جس کے باعث متعدد مرتبہ شہریوں کو نقصان پہنچ چکاہے۔


















































