تربت: پولیس تھانے اور فوجی قافلے پر مسلح حملے، اسلحہ و سامان ضبط

194

تربت کے علاقے جوسک میں نامعلوم مسلح افراد نے منگل کی شام ایک پولیس تھانے پر حملہ کر کے اسلحہ اور سرکاری سامان اپنے قبضے میں لے لیا، جبکہ اسی علاقے میں پاکستانی فوج کے ایک قافلے کو بھی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق درجنوں مسلح افراد نے شام کے وقت جوسک پولیس تھانے کا محاصرہ کیا اور تھانے میں داخل ہو گئے۔ حملہ آور تھانے میں موجود سرکاری اسلحہ، گولہ بارود، مواصلاتی آلات اور دیگر سامان اپنے ساتھ لے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور کارروائی کے بعد بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ اسی دوران جوسک کے قریب پاکستانی فوج کے ایک قافلے پر بھی مسلح افراد نے حملہ کیا۔

تاہم، ان واقعات میں جانی نقصانات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

بلوچستان میں حالیہ مہینوں کے دوران پاکستانی فورسز، پولیس چوکیوں اور سرکاری تنصیبات پر حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ واقعے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی تنظیم نے قبول نہیں کی، تاہم ماضی میں اس نوعیت کے واقعات کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔