اسرائیل کا حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

1

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے نئے سربراہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کر دیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق نتن یاہو کے آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل نے محمد عودہ کے خلاف ایک حملہ کیا ہے، جنہیں میڈیا رپورٹس کے مطابق مئی میں غزہ میں حماس کے فوجی ونگ کا کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے ٹیلی گرام پر دعویٰ کیا کہ ہم ہر ایک تک پہنچیں گے، محمد عودہ 2023 میں 7 اکتوبر کے حملے کے ماسٹر مائنڈز میں سے ایک تھے۔

یاد رہے کہ 29 اپریل 2026 کو اسرائیل نے غزہ میں فضائی حملے میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے اعلیٰ انٹیلیجنس عہدیدار کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اسرائیلی دفاعی فورسز (آئی ڈی ایف) اور داخلی سلامتی کے ادارے شن بیٹ نے ایک مشترکہ بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ حماس کا ایک اعلیٰ انٹیلیجنس عہدیدار فضائی حملے میں ہلاک ہوگیا ہے، عہدیدار پر 7 اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل پر حملے کی منصوبہ بندی میں مدد کرنے کا الزام تھا۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ہلاک ہونے والے شخص کا نام ایاد احمد عبد الرحمٰن شمبری ہے جو حماس کے انٹیلیجنس ڈویژن میں چیف آف آپریشنز کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا۔