کراچی: یوسف نسکندی کی یاد میں تقریب کا انعقاد

1

مہر گھر اور ورثہ لیاری ٹیم کے زیرِ اہتمام بلوچ تاریخ کی معروف علمی، ادبی اور سیاسی شخصیت واجہ یوسف نسکندی (مرحوم) کی یاد میں مہر گھر ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں کراچی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی سیاسی، سماجی، علمی اور ادبی شخصیات کے علاوہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر واجہ یوسف نسکندی (مرحوم) کی شخصیت، سیاسی جدوجہد، علمی و ادبی خدمات اور بلوچ قومی تحریک میں ان کے کردار پر تفصیلی اور سیر حاصل گفتگو کی گئی۔

گفتگو کے پینل میں سیاسی رہنما عبدالوہاب بلوچ، علمی و ادبی شخصیت کامریڈ واحد بلوچ اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت عبدالخالق زدران شامل تھے، جبکہ نظامت کے فرائض زر خان بلوچ نے انجام دیے۔

پینل میں شامل مقررین نے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے واجہ یوسف نسکندی (مرحوم) کی جدوجہد، فکر اور بلوچ سماج کے لیے ان کی گرانقدر خدمات پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے خصوصاً لیاری اور بلوچ قومی شعور کی بیداری میں ان کے کردار کو زبردست انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کے دوران شرکاء نے بھی واجہ یوسف نسکندی (مرحوم) کی سیاسی، ادبی اور سماجی خدمات کے حوالے سے سوالات اور اظہارِ خیال کیا۔

تقریب کے اختتام پر ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے لیاری کی معروف علمی و ادبی شخصیت زاہد بارکزئی کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔