تربت اور پنجگور میں چار افراد کی لاشیں برآمد

0

بلوچستان کے ضلع پنجگور، تربت اور دشت سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کے مطابق تین مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والے افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا جبکہ ایک کو مبینہ طور پر چند روز قبل اغوا کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ضلع پنجگور کے علاقے سریکوران میں العمارات ہوٹل کے قریب ایک زامباد گاڑی سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ جن کی شناخت نبیل ولد جمیل احمد اور شہاب ولد نزیر احمد کے ناموں سے ہوئی ہے جو سندے سراور دز پروم کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں افراد کو قریب سے گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں بھی ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق کیچ ٹرمینل روڈ پر بانک چڑھائی کے مقام سے ملنے والی لاش کو متعدد گولیاں ماری گئی تھیں۔

مقتول کی شناخت جان محمد ولد قادر بخش کے نام سے ہوئی جو گومازی تمپ کا رہائشی اور آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا۔

پولیس کے مطابق لاش کو ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کیا گیا۔

ادھر تحصیل دشت کے علاقے ملائی نگور سے بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت ماسٹر عابد ولد محمد عمر کے نام سے ہوئی جو کھڈان دشت کے رہائشی تھے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ماسٹر عابد کو چند روز قبل مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا اور اب ان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔