خضدار: سرکاری عمارت پر دھماکا، قلات میں مشینری نذرآتش

507

بلوچستان کے ضلع خضدار میں گذشتہ رات ایک بم حملے میں سیکورٹی اہلکاروں اور قلات میں تیل و گیس کمپنی کی مشینری کو کو نشانہ بنایا گیا۔

اطلاعات کے مطابق گذشتہ رات خضدار شہر میں بمقابل بلدیہ پارک زیر تعمیر سرکاری عمارت کی حفاظت پر معمور اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے دستی بم حملے میں نشانہ بنایا۔

دھماکے میں دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ دھماکے کے وقت فائرنگ کی آواز بھی سنی گئی تاہم حکام نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

دریں اثناء قلات کے علاقے ہربوئی میں نامعلوم افراد نے تیل و گیس کمپنی کی مشینری کو نذر آتش کردیا۔

ہربوئی اور گردنواح میں اس سے قبل بھی بلوچ آزادی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنی سمیت فورسز اہلکاروں کو حملوں میں نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

تاہم مذکورہ دونوں حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔