خاران، منگوچر: فائرنگ سے خاتون سمیت ایک شخص ہلاک

269

بلوچستان کے ضلع خاران اور قلات میں فائرنگ کے دو مخلتف واقعات میں خاتون سمیت ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق خاران کے پرانا بس اڈہ میں سبزی منڈی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جسکی شناخت ایری کلگ کے رہائشی مہر اللہ یلانزئی کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کو تین سے چار گولیاں لگی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے جسے سول ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

حملے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

دریں اثنا قلات کے علاقے منگوچر میں خالق آباد کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے سمیع اللہ لانگو نامی شخص کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں سمیع اللہ لانگو زخمی جبکہ انکی اہلیہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق میرسمیع اللہ لانگو اپنی اہلیہ کے ساتھ منگوچر سے کوئٹہ کی جانب جارہے تھے کہ منگوچر کے علاقے خالق آباد میں ان پر فائرنگ کی گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق میر سمیع اللہ لانگو پارلیمانی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (بلوچستان) کے سینئر رہنماء بھی ہیں تاہم ان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے وجوہات معلوم نہیں ہوسکے۔