بلوچستان: سی ٹی ڈی کا داعش سے تعلق رکھنے والے افراد کو مارنے کا دعویٰ

853

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ خضدار میں کالعدم تنظیم کے دو مبینہ دہشت گرد موجود ہیں جس پر سی ٹی ڈی کی ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی کی۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے جب کہ ان کے تین ساتھی فرار ہوگئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق مرنے والوں میں کالعدم تنظیم داعش کے انتہائی مطلوب مطیع اللہ عرف بسم اللہ سمیت دو افراد شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے مقابلے میں ہلاک ہونے والے کالعدم تنظیم داعش کے مطلوب مطیع اللہ عرف بسم اللہ کا نام ریڈ بک میں شامل تھا اور اسکی سر کی قیمت ایک ملین روپے رکی گئی تھی۔ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان کے مطابق مذکورہ افرادصوبہ سندھ کے شہر شہدادکوٹ سے خضدار ایک حساس تنصیب پر حملہ کرنے آرہے تھے اور سورگر کے پہاڑی سلسلے میں انکو روکا گیا تاہم انھوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ کیا۔