حب: امن و امان کی مخدوش صورتحال پر آل پارٹیز اجلاس

156

بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر آل پارٹیز اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کی نمائندگی پارٹی کے مرکزی آرگنائزر شاہ زیب بلوچ ایڈوکیٹ نے کیا۔

شاہ زیب بلوچ ایڈوکیٹ نے اجلاس میں حب سمیت بلوچستان بھر میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باقائدہ منظم سازش کے تحت اغوا برائے تاوان، چوری ڈکیتی اور ٹارگٹ کلنگ روز کا معمول بنتا جا رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ستر پچتر سالوں سے بلوچستان میں جبری گمشدگی و دیگر جرائم پیشہ عناصر کی افزائش کو بلوچستان کے عوام پر مسلط کیا جارہا ہے جنکا مقصد بلوچستان میں لوٹ مار کے بازار کو گرم رکھنا ہے۔ اس پالیسی کو مستحکم رکھنے کے لئے جرائم پیشہ عناصر کو عوام کی آواز کو دبانے کے لئے خاص تربیت دیا جا رہا ہے۔ پہلے دن سے یہاں نوآبادیات پالیسی کے طرز جبر و تشدد کا نظام کبھی سرکار، کبھی سردار، کبھی مذہبی ٹھیکدار تو کبھی جرائم پیشہ افراد کی شکل میں چل رہا ہے تا کہ عوام کی آواز کو خاموش کیا جا سکے لہٰذا انسانی حقوق ہر شہری کا بنیادی حق ہے نا صرف آئین پاکستان بلکہ عالمی انسانی حقوق کے چارٹر کے مطابق بلوچستان کے عوام کے انسانی قدر و قیمت و وقار کو پاؤں تلے نا روندا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حب و لسبیلہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں منظم طریقے سے نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے جس طرح کل پنجگور میں ایک طالب علم کو شہید کیا گیا تھا ہم سمجھتے ہیں کہ گذشتہ ایک مہینے میں جرائم میں شدت بلوچستان میں ابھرتی ہوئی بلوچ کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے بلخصوص لاپتہ افراد کے لواحقین کی آواز اور اس مسئلے پر بنائے گئے کمیشن کی آواز کو دبانے کی سازش ہے لہٰذا عوامی سطح پر ہر شہری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ان سازشوں کو سمجھتے ہوئے انہیں بے نقاب کرنے کے لئے عوامی مہم، احتجاجی کیمپ، کارنر میٹنگز، جلسے جلوسوں سمیت تمام آئینی رستوں کو بروئے کار لائیں۔

اجلاس میں ANP کے لالا منان، JUI لسبیلہ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا شاہ محمد صدیقی، NP لسبیلہ کے صدر حاجی عبدالغنی رند، BNP لسبیلہ کے ضلعی آرگناٸزر جمیل احمد گچکی، BNP (عوامی) لسبیلہ کے رہنما (کے بی مگسی)، PMLN لسبیلہ کے رہنما سلمان ریکی، PTI لسبیلہ کے صدر عامر حسین مگسی، عبدالرحمان درانی، عثمان کوہ بلوچ، JWP لسبیلہ کے صدر عبدالولی خلجی، انجمن تاجران حب کے صدر خورشید علی رند ایڈووکيٹ، آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما حاجی نورشاہ، لسبیلہ موباٸل ایسوسی ایشن کے رہنما نوریز نہال مگسی و دیگر نے شرکت کی۔