ضلع کرم میں فائرنگ، پاکستان آرمی کے5 اہلکار ہلاک

916

اتوار کے روز خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں افغان بارڈر سے متصل علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاکستان آرمی کے 5 اہلکار ہلاک ہوگئے –

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع کرم میں افغانستان سے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز کی بھر پور جوابی کارروائی میں حملہ آوروں کو بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں لانس نائیک، ضیاء اللہ خان، ناہید اقبال، سمیر اللہ خان اور سپاہی ساجد علی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اور افغان عبوری حکومت سے مستقبل میں ایسی سرگرمیاں نہ ہونے کی توقع کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔