بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6414ویں روز بھی جاری رہا۔ اس دوران جبری طور پر لاپتہ محمود علی لانگو کی والدہ نے احتجاجی کیمپ میں شرکت کی اور اپنے بیٹے کی جبری گمشدگی کے خلاف آواز بلند کی۔
محمود علی لانگو کی والدہ نے بتایا کہ ان کا بیٹا 18 جون 2024 سے جبری طور پر لاپتہ ہے۔ وہ اپنے بیٹے کی بازیابی اور انصاف کے حصول کے لیے عدلیہ، حکومتی اداروں اور متعلقہ کمیشن سے رجوع کرنے کے ساتھ مسلسل اپنا پُرامن احتجاج بھی ریکارڈ کرا رہی ہیں، لیکن طویل عرصہ گزرنے کے باوجود انہیں ملکی قوانین کے تحت انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماں کے لیے اپنے بیٹے سے جدائی اور اس کے بارے میں کسی قسم کی معلومات نہ ہونا انتہائی اذیت ناک ہے۔ ہر گزرتا دن ان کے خاندان کی پریشانی اور ذہنی کرب میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ محمود علی لانگو سمیت بلوچستان کے تمام جبری طور پر لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ طویل عرصے سے شدید ذہنی، نفسیاتی اور معاشرتی اذیت کا سامنا کر رہے ہیں۔ اپنے پیاروں کی زندگی اور سلامتی کے بارے میں بے یقینی اور ان کی خیریت سے متعلق معلومات کے انتظار نے ان خاندانوں کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ریاستی اداروں، حکومت اور عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف اور قانونی تحفظ فراہم کریں۔
نصراللہ بلوچ نے مطالبہ کیا کہ محمود علی لانگو سمیت تمام جبری طور پر لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔ اگر کسی شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے ملکی آئین و قانون کے مطابق 24 گھنٹوں کے اندر مجاز عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ اسے شفاف قانونی کارروائی کے ذریعے اپنے دفاع کا موقع مل سکے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں کے تمام واقعات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں، ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو اپنے پیاروں کے بارے میں فوری اور مستند معلومات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جبری گمشدگیاں آئین، قانون اور بنیادی انسانی حقوق کے اصولوں کے منافی ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس غیر قانونی عمل کے خاتمے، لاپتہ افراد کی بازیابی اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔















































