بلوچ متحدہ محاذ کابینہ تشکیل، یوسف مستی خان کنوینئر منتحب

484

گذشتہ مہینے تشکیل دی جانے والی بلوچ متحدہ محاذ کی عبوری مدت کے لئے کابینہ تشکیل دے دی گئی۔

تنظیمی ذرائع کے مطابق یوسف مستی خان کنوینئر، کلثوم بلوچ ڈپٹی کنوینئر، اکبر ولی جنرل سیکریٹری، زرین بلوچ جوائنٹ سیکریٹری، عظیم دہقان سیکریٹری مالیات اور اکرم بلوچ کو میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

بلوچ متحدہ محاذ کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس صدیق گوٹھ ملیر میں یوسف مستی خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں عبوری کابینہ کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ محاذ کے اغراض و مقاصد اور حکمت عملی ترتیب دینے کےلئے اصغر دشتی کی سربراہی میں ایڈووکیٹ شکیل بلوچ، بشیر بلوچ، پروین ناز، عبدالوہاب بلوچ، اکرم بلوچ، آمنہ بلوچ اور حفیظ بلوچ پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی جو آئندہ بیس روز میں اغراض ومقاصد کو حتمی شکل دے کر آرگنائزنگ کمیٹی کو رپورٹ پیش کرے گی۔

بلوچ متحدہ محاز کے نو منتخب کنوینئر یوسف مستی خان کا کہنا تھا کہ متحدہ محاذ کراچی میں رہنے والے بلوچ عوام کی معاشی اور معاشرتی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرے گی، بلوچ علاقوں میں شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے، منشیات اور جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کرنے، غیر قانونی طریقے سے قدیمی گوٹھوں کی مسماری اور زمینوں پر قبضہ گیری کے خلاف منظم جدو جہد کرے گی۔