یکم ستمبر سے ایس اوپیز کے ساتھ اسکول کھولے جائینگے – شفقت محمود

281

وفاقی اور صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تجویزدی گئی ہے کہ يکم ستمبر سے پہلے اسکول نہ کھولے جائيں، اگست کے آخری ہفتے حتمی فيصلے کيلئے اجلاس بلايا جائے گا۔

بدھ کو ويڈيو لنک پروزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرِصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم شریک ہوئے۔

اجلاس میں تجويز دی گئی کہ يکم ستمبرسے پہلےاسکول نہ کھولے جائيں۔ تعلیمی اداروں کو ستمبر کے پہلے ہفتے میں سخت ایس او پیز کے ساتھ کھولنے پر اتفاق ہوا ہے۔

وفاقی وزیرشفقت محمود نے بتایا کہ ایس او پیز کے ساتھ یکم ستمبر 2020 سے اسکول کھولے جائیںگے، وزارت صحت سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیرتعلیم نے مزید بتایا کہ پروفیشنل امتحانات لینے کی اجازت ہوگی، کرونا صورتحال کے پیش نظر اسکول کھولنے کی تاریخ تبدیل بھی ہوسکتی ہے، کل این سی او سی کی میٹنگ میں اس معاملے پر مزید بات کی جائیگی۔

وزير تعليم سندھ سعید غنی نے بتایا کہ نجی اسکولز شديد مالی بحران کا شکار ہيں۔ سندھ کے وزير تعليم سعید غنی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ نجی اسکولز کو بلاسود قرضے ديئے جائيں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اس معاملے پر وزيراعظم سے بات کرنے کی يقين دہانی کروا دی۔

اس کے علاوہ ستمبر سے قبل دو مزید اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ تعلیمی اداروں کو ایس او پیز کے ساتھ امتحانات لینے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔