کرونا وائرس: پاکستان میں1 روز میں ریکارڈ201 اموات

144

این سی او سی کے مطابق پاکستان بھر ميں 24 گھنٹے کے دوران کرونا سے مزيد 201 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ ان میں سے 84 مریضوں کا انتقال وینٹیلیٹر پر ہوا۔

بدھ کو این سی او سی کے مطابق ایک دن میں کرونا کے 5 ہزار 292 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 24 گھنٹے کے دوران کرونا کے 49 ہزار 101 ٹیسٹ کئے گئے جبکہ وائرس سے مجموعی اموات 17 ہزار 530 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.77 فیصد ہے۔

این سی او سی نے بتایا ہے کہ کرونا کے باعث سب سے زیادہ پنجاب میں 127 اموات، خیبر پختونخوا میں 45 اموات ہوئیں۔ سندھ میں 19، اسلام آباد 5، آزاد کشمیر میں 4 اور بلوچستان میں 1 مریض کا وائرس کے باعث انتقال ہوا۔

پاکستان میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 88 ہزار 207 ہوگئی ہے۔ کرونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 7 لاکھ 4 ہزار 494 ہے۔ پاکستان بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 10 ہزار 231 تک پہنچ گئی ہے۔

اس وقت پاکستان میں 6 ہزار 286 مریض 631 مختلف اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں۔ مردان میں 73 فیصد، ملتان میں 74 فیصد، لاہور 75، گجرانوالہ 59 فیصد وینٹیلیٹرز بھرچکے ہیں۔ گوجرانوالہ میں 98 فیصد، پشاور 72 فیصد، مردان میں 71 فیصد اور ملتان میں 76 فیصد آکسیجن بیڈز پر بھی مریض موجود ہیں۔

اس کےعلاوہ سندھ حکومت نے دوران ڈیوٹی کرونا سے وفات پانے والے سرکاری ملازمین کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پنجاب حکومت نے افطار سے سحری تک ہر قسم کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگادی ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی پابندیوں کا اطلاق فوری طور پر کیا جارہا ہے اور یہ 17 مئی تک نافذ رہیں گی۔

کرونا کی تیسری لہر پر قابو پانے کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان بھر میں عید الفطر تک سیاحت اور سفری پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔