کیچ: پاکستانی فورسز کے قافلے پر حملہ، ہلاکتوں کی اطلاع

844

بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے قافلے پر مسلح حملہ کیا ہے۔

فورسز کو کیچ کے علاقے گوکدان میں نشانہ بنایا گیا، علاقائی ذرائع کے مطابق حملے کے وقت علاقہ گولیوں اور بم دھماکوں کی آوازوں سے گونجتا رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں فورسز کو نقصان کا سامنا رہا ہے تاہم حکام کا موقف اس حوالے سے تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔

خیال رہے کہ مذکورہ علاقے میں فورسز پر حملے ہوتے رہتے ہیں جنکی ذمہ داریاں آزادی پسند کرتے آرہے ہیں تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

حالیہ کچھ وقتوں سے مذکورہ اور گردنواح کے علاقوں میں فورسز پر ہونے والے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں فورسز کے اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے ہیں تاہم پاکستان فوج کا موقف میڈیا کے سامنے نہیں آیا ہے۔

رواں ماہ گوادر میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو نشانہ بناکر تین اہلکاروں کو ہلاک کیا اور اسلحہ و دیگر سامان اپنے ساتھ لے گئے اور مذکورہ حملے کی ویڈیو بھی بلوچستان لبریشن فرنٹ نے میڈیا میں جاری کردی تاہم حکام کا موقف اس حوالے سے سامنے نہیں آیا۔