بلوچستان کرپشن کیس، احتساب عدالت نے خالد لانگو اور مشتاق رئیسانی کو قید کی سزا سنا دی

320

 

احتساب عدالت کوئٹہ نے بلوچستان میگا کرپشن کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق صوبائی مشیر خزانہ خالد لانگو اور سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو قید کی سزا سنادی اور سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔

میگا کرپشن کیس کافیصلہ احتساب عدالت ون کے جج منور شاہوانی نے سنایا۔ جبکہ عدالت نے سابق سیکرٹری بلدیات عبدالباسط اور سیکرٹری لوکل کونسل فیصل جمال کو بری کر دیا۔احتساب عدالت کوئٹہ نے سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو 10 سال قید کی سزا اور سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کو 2 سال 2 ماہ قید کی سزا کا حکم دیا۔

خالد لانگو کی سزا ان کے ٹرائل کے دوران گرفتاری کے وقت سے شروع ہوگی۔واضح رہے کہ سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو میگا کرپشن کیس میں 6 مئی 2016 کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے گھر سے 64 کروڑ روپے سے زائد کی نقدی اور زیورات ملے تھے۔اسی کیس میں گرفتار ٹھیکیدار سہیل مجید اور اس کے بھائی کو پلی بارگین کے بعد رہا کر دیا گیا تھا۔