بلوچستان کے علاقے قلات میں پاکستانی فوج کے قافلے کو ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران پاکستانی فورسز پر چوتھا ڈرون حملہ کیا گیا۔
قلات کے علاقے رودینجو میں پاکستانی فورسز کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو کم از کم تین ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ واقعہ دو روز قبل پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق ڈرون حملوں میں فورسز کی گاڑی ناکارہ ہوگئی جبکہ اس میں سوار اہلکاروں کو جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ مزید برآں فورسز کی دیگر دو گاڑیوں کو گھات لگائے مسلح افراد نے حملے میں نشانہ بنایا۔
بلوچستان میں پاکستانی فورسز پر ہونے والا یہ چوتھا ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں سوراب، خاران اور کچھی میں فورسز کے کیمپوں کو ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں خودکش ڈرونز سمیت دھماکہ خیز مواد گرانے والے ڈرونز استعمال کیئے گئے ہیں۔
بلوچ لبریشن آرمی نے رواں سال اپنی ڈرون یونٹ “قہر” (QAHR – Qazi Aero Hive Rangers) کی تشکیل کا اعلان کیا تھا۔ اس یونٹ کی جانب سے بلوچستان کے مختلف مقامات پر فورسز پر حملوں کی ذمہ داری قبول کی جاچکی ہے تاہم کچھی میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری بی آر جی نے قبول کرتے ہوئے اپنے ڈرون یونٹ “عامر ایئرو گارڈینئنز” کا اعلان کیا۔



















































