قلات، بسیمہ، چاغی اور ہوشاپ سمیت مختلف علاقوں میں حملوں کی اطلاعات، فورسز کی چوکی، گاڑی اور رسد کو نشانہ بنایا گیا۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز اور دیگر اہداف پر متعدد حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن میں فورسز کی چوکی، گاڑی اور راشن لے جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قلات کے علاقے رودینجو میں پاکستانی فورسز کو حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جانی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب بسیمہ کے علاقے درگ میں نامعلوم افراد نے پاکستانی فورسز کے زیرِ استعمال ایک چوکی کو دھماکہ خیز مواد نصب کرکے دھماکے سے تباہ کردیا۔
قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں گیلو تھانے کی حدود میں سابق افغان فوج کے اہلکاروں کے کمانڈر اکبر کی گاڑی پر بم حملے کی اطلاعات ہیں، جس میں جانی نقصانات کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
چاغی میں یکمچ اور دالبندین کے درمیان مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے لیے راشن لے جانے والی ایک گاڑی کو روک کر راشن اپنی تحویل میں لے لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق راشن نوکنڈی میں قائم فورسز کیمپ منتقل کیا جارہا تھا۔
ادھر ہوشاپ میں بھی پاکستانی فورسز پر دو الگ الگ حملوں کی اطلاعات ہیں، علاقائی ذرائع کے مطابق آج صبح تقریباً سات بجے ہوشاپ زیرو پوائنٹ کے مقام پر فورسز کی ایک چوکی کو مسلح حملے میں نشانہ بنایا گیا، حملے کے بعد مذکورہ مقام کی جانب ایمبولینسوں کی آمد و رفت دیکھی گئی۔
ہوشاپ ہی میں آج دوپہر سی پیک روٹ پر گونڈ سرین کے مقام پر پاکستانی فورسز کی ایک گاڑی بم دھماکے کا نشانہ بنی، اس واقعے میں بھی نقصانات کی اطلاعات ہیں، تاہم حکام کی جانب سے تاحال کسی جانی نقصان یا دیگر تفصیلات کی تصدیق نہیں کی گئی۔



















































