بی ایل ایف نے واشک میں پاکستانی فوجی کیمپ پر حملے کی ویڈیو جاری کردی

1

تنظیم کا 18 اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا اعلان، دو سرمچار جھڑپوں میں جانبحق ہوئے۔

بلوچستان لبریشن فرنٹ “بی ایل ایف” نے بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں پاکستانی فورسز کے فرنٹیئر کور “ایف سی” کے کیمپ پر حملے کی ویڈیو اپنے آفیشل چینل آشوب پر جاری کردی ہے۔

تنظیم کے مطابق حملے میں پاکستانی فورسز کے 18 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ اس کے دو سرمچار بھی شہید ہوگئے۔

بی ایل ایف کے بیان کے مطابق یکم اکتوبر 2026 کو تنظیم کے نئے تشکیل دیے گئے خواتین یونٹ ’کریمہ آرمڈ اسالٹ ڈویژن اور وینگارڈ قربان یونٹ کے سرمچاروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ماشکیل کے علاقے گورینڈر میں ایف سی کے 58 ونگ کے ایک اہم فوجی کیمپ کو نشانہ بنایا۔

تنظیم کے مطابق سرمچاروں نے مختلف سمتوں سے کیمپ کا گھیراؤ کرکے راکٹوں، گرینیڈ لانچروں اور دیگر بھاری خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 18 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

جاری کردہ تقریباً 9 منٹ کی ویڈیو میں سرمچاروں کو ڈرونز کے ذریعے پاکستانی فورسز کی پوزیشنوں کا تعین کرتے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں مسلح افراد کو فوجی کیمپ کا مختلف سمتوں سے گھیراؤ کرتے بھی دکھایا گیا ہے۔

بی ایل ایف نے اس کارروائی کے دوران اپنے دو سرمچاروں عبدالخالق اور ساجد بلوچ کی جانبحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔