ڈیرہ اسماعیل خان: چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، پولیس و ایکسائز اہلکاروں سمیت 11 افراد ہلاک، 32 زخمی

76

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ہفتے کو پولیس چیک پوسٹ پر ہوئے خود کش حملے میں پولیس اور محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں سمیت 11 افراد جان سے گئے جبکہ 32 زخمی ہوئے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ درازندہ کے علاقے امن میلہ کے قریب دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سڑک کنارے قائم پولیس چیک پوسٹ پر دھماکے سے اڑا دی۔

اے پی کے مطابق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے ایک بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی درازندہ سے ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کی۔

ان کے مطابق 11 لاشیں اور 32 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائی میں چھ ایمبولینسیں، ایک فائر وہیکل اور 25 سے زیادہ اہلکار شریک تھے، جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے بھی مزید ایمبولینسیں اور ریسکیو اہلکار درازندہ بھیجے گئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے ترجمان ذوالقرنین یعقوب نے بتایا کہ مرنے والوں میں 10 پولیس اور ایکسائز اہلکار شامل ہیں، جو چیک پوسٹ پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا۔ واقعے کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔