کوئٹہ: جبری لاپتہ اسرار بلوچ کے لواحقین کی احتجاجی کیمپ میں شرکت، بازیابی کا مطالبہ

8

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6368ویں روز بھی جاری رہا۔

احتجاجی کیمپ میں عبدالروف نے شرکت کی اور اپنے جبری لاپتہ بیٹے اسراراللہ کے کوائف وی بی ایم پی کو فراہم کیے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بیٹے اسراراللہ کو رواں سال 26 جولائی کو کلی کمالو، کوئٹہ سے فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، جس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔

عبدالروف نے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کے حوالے سے متعلقہ پولیس اسٹیشن اور اعلیٰ حکام سے متعدد بار رابطہ کیا، تاہم تاحال انہیں اسراراللہ کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس کے باعث ان کا خاندان شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے عبدالروف کو یقین دہانی کرائی کہ تنظیمی سطح پر اسراراللہ کا کیس لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کمیشن اور حکومت کے سامنے پیش کیا جائے گا اور ان کی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔

انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اسراراللہ سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی بنائی جائے، جبکہ اگر کسی شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے قانون کے مطابق عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔