قلات ضلعی انتظامیہ نے عسکری حکام کی ہدایت پر پارود، شور اور گزگ کے علاقوں میں مقیم لوگوں کو 28 ستمبر 2026 تک نقل مکانی کی ہدایت کردی ہے۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر قلات اور خالق آباد کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر مذکورہ علاقوں کے مکین مقررہ تاریخ تک انخلاء مکمل کریں۔
نوٹس میں تمام متعلقہ افراد سے ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر عملدرآمد کرنے اور اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔ متعلقہ انتظامی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی نوٹس سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ستمبر کے آغاز میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی شور، پارود کے پہاڑی علاقے سے تقریباً ایک ہزار افراد کی منتقلی سے متعلق بات کی تھی۔
یاد رہے کہ اس وقت بلوچستان کے بیشتر علاقے غیر اعلانیہ فوجی آپریشن کی زد میں ہیں، جبکہ فورسز کی جانب سے کئی علاقوں میں فضائی کارروائی اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں متعدد شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں، جبکہ املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔



















































