ڈپٹی کمشنر خاران منیر سومرو مبینہ طور پر اغواء، رابطہ منقطع

39

خاران روڈ پر ڈپٹی کمشنر خاران منیر سومرو اور ان کے ذاتی محافظوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر خاران اپنے دو ذاتی محافظوں کے ہمراہ خاران نوشکی روڈ پر سفر کر رہے تھے، تاہم اس دوران ان سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر منیر سومرو اور ان کے دونوں محافظوں کے موبائل فون مسلسل بند جا رہے ہیں، جس کے باعث ان سے رابطہ کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نوشکی خاران روڈ پر مسلح افراد کی جانب سے ڈپٹی کمشنر خاران اور ان کے محافظوں کو مبینہ طور پر اغوا کیا گیا ہے۔ تاہم پولیس نے تاحال ڈپٹی کمشنر اور ان کے دونوں محافظوں کے اغوا کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

پولیس حکام کے مطابق ڈپٹی کمشنر سے رابطے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں، جبکہ ان کی موجودگی اور ممکنہ طور پر پیش آنے والے واقعے کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر خاران کی تلاش کے لیے نوشکی، خاران اور چاغی پولیس کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ اضلاع کی پولیس ٹیمیں مختلف مقامات پر تلاش اور معلومات کے حصول کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں اور صورتحال واضح ہونے کے بعد ہی ڈپٹی کمشنر اور ان کے محافظوں کے حوالے سے حتمی صورت حال سامنے آ سکے گی۔

حکام کی جانب سے واقعے کی مکمل تفصیلات، ڈپٹی کمشنر کے سفر کے مقام اور مبینہ مسلح افراد سے متعلق معلومات تاحال جاری نہیں کی گئی ہیں۔