یمن کے حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے سعودی دارالحکومت ریاض میں بعض ’حساس‘ تنصیبات کے ساتھ ساتھ بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع ینبع میں آرامکو کی ایک تنصیب کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
حوثیوں کے ترجمان امین حیان نے ایک بیان میں کہا کہ ان تازہ حملوں میں ان تنصیبات کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
سعودی عرب نے تاحال اس بیان پر کوئی ردِعمل نہیں دیا اور نہ ہی ان حملوں کی تصدیق یا تردید کی ہے۔
اس سے قبل سعودی حکام نے کہا تھا کہ اسی روز ریاض کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل روک کر تباہ کر دیا گیا، تاہم انھوں نے دیگر حملوں کی تصدیق نہیں کی۔
اس سے پہلے سعودی دارالحکومت ریاض کے قریب ایندھن کے ٹینکوں سے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔ ریاض انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب اس واقعے کے باعث سنیچر کو پروازوں کی آمدورفت بھی عارضی طور پر متاثر ہوئی تھی۔













































