بلوچستان کے ضلع دکی کی تحصیل لونی کے علاقے کلی بختیار خان میں ایک گاڑی کو مبینہ طور پر نصب کیے گئے دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تین بھائی ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
دکی کے ایس پی منصور احمد بزدار کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب متاثرہ افراد اپنی گاڑی میں ندی سے گزر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں تین بھائی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔
ایس پی کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت رحمت اللہ، دورانی اور نعمت اللہ ولد سلطان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی کی شناخت عتیق اللہ ولد مولوی نیک محمد کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ افراد اپنی گاڑی میں زمینداری کے کام سے جا رہے تھے کہ راستے میں دھماکہ ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ہلاک افراد اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس پی منصور احمد بزدار کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے، جبکہ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔













































