خاران پل تباہ: چاغی اور واشک میں تجارتی گاڑیوں پر حملے

64

بلوچستان میں متعدد مسلح کارروائیوں کے دوران مسلح افراد نے پل تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ تجارتی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

خاران سے اطلاعات کے مطابق سوتکگان کے علاقے میں مسلح افراد نے بھاری مشینری کے ذریعے خاران-کراچی شاہراہ پر واقع پل کو تباہ کردیا ہے۔

مسلح افراد نے پل کا بڑا حصہ مشینری سے تباہ کردیا، جس کے باعث خاران-کراچی شاہراہ پر تمام ٹریفک معطل ہوگئی ہے۔

ادھر چاغی سے اطلاعات کے مطابق تفتان بارڈر جانے والے ٹرکوں پر حملے کے بعد مسلح افراد نے ٹرکوں کو نذرِ آتش کردیا، جس کے نتیجے میں دو ٹرک تباہ ہوگئے۔

مذکورہ ٹرک تفتان بارڈر سے تجارتی سامان لے کر پاکستان کے دیگر شہروں کی جانب جارہے تھے۔

ادھر بلوچستان کے علاقے واشک میں مسلح افراد نے ناکہ بندی کرتے ہوئے دو تجارتی گاڑیوں کو روکنے کے بعد اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ شاہراہ پر گزشتہ کئی ماہ سے بلوچ لبریشن آرمی نے کنٹرول حاصل کرتے ہوئے معاشی ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد مذکورہ شاہراہ پر گزشتہ کئی ماہ کے دوران درجنوں حملے ہوئے ہیں۔

مسلح افراد نے ایران سے تیل، گیس اور بلوچستان سے دیگر معدنیات، بشمول کوئلہ، لے جانے والی گاڑیوں اور ان کی سیکیورٹی پر مامور پاکستانی فورسز کو تواتر سے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

تاہم آج ہونے والے حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔