خضدار پولیس انتظامیہ نے شہر میں لاک ڈاؤن ختم ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔
خضدار پولیس انتظامیہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر خضدار میں لاک ڈاؤن ختم ہونے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط ہیں، تاحکمِ ثانی روزانہ رات 8 بجے سے صبح 10 بجے تک لاک ڈاؤن کا نفاذ برقرار رہے گا۔
انتظامیہ نے خضدار کے تاجروں اور شہریوں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں صوبائی حکومت نے بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح خضدار میں بھی شہریوں کو مقررہ وقت پر دکانیں بند رکھنے اور گھروں سے نہ نکلنے کا حکم جاری کیا تھا۔
حکام کا مؤقف ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔
مزید برآں بلوچستان کے اضلاع سوراب، قلات، مستونگ اور نوشکی میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے بازار بند رکھنے اور شام کے اوقات میں گھروں سے نہ نکلنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے، جبکہ تربت اور کوئٹہ میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
واضح رہے کہ چودہ اگست کی تقریبات کے سرکاری انعقاد کے موقع پر بلوچستان بھر میں موبائل و انٹرنیٹ سروسز بھی معطل کردی گئی تھیں، تاہم بعض علاقوں میں آج موبائل سروس بحال کردی گئی ہے۔

















































