کوئٹہ: فورسز پوسٹوں پر حملہ اور کنٹرول، تیرہ اہلکار ہلاک

160

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب مسلح افراد نے ایک شدید نوعیت کے حملے کے بعد پاکستانی فورسز کے دو پوسٹوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرکے وہاں موجود اسلحہ و گولہ بارود کو تحویل میں لیکر پوسٹوں کو نذرآتش کردیا۔

یہ واقعہ گذشتہ روز شام کے وقت پیش آیا جہاں مسلح افراد کی بڑی تعداد نے بیک وقت ولی تنگی (زرغون غر) اور اسپین کاریز میں پاکستانی فورسز کے دو پوسٹوں پر حملہ کیا۔

علاقے میں دیر تک شدید فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ جاری رہا۔ مسلح افراد نے دونوں پوسٹوں پر کنٹرول حاصل کرکے وہاں موجود تمام جنگی ساز و سامان سمیت اسلحہ اپنی تحویل میں لیا۔

اطلاعات کے مطابق حملے میں تیرہ سے زائد فورسز اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے چار ہلاک اہلکاروں کی شناخت ظاہر کی ہے جن میں نائب صوبیدار اول خان، نائک نور بخش، سپاہی سمیع اللہ، سپاہی رفیق شامل ہیں جبکہ تین اہلکار لاپتہ ہیں۔