بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پاکستانی فورسز پر حملوں اور جھڑپوں کی اطلاعات

0

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پاکستانی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپوں اور حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ یہ واقعات خضدار کے علاقے وڈھ، بارکھان کے کھڈّا چوکی، خاران شہر کے قریب اور نوشکی کے علاقے گلنگور میں پیش آئے ہیں۔

وڈھ کے علاقے میں پاکستانی فورسز کے ایک قافلے کو گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ واقعے کے بعد جائے وقوعہ کی جانب ہیلی کاپٹر روانہ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

ذرائع کے مطابق حملے میں تین گاڑیاں زد میں آئی ہیں تاہم واقعے سے متعلق سرکاری موقف سامنے نہیں آ سکا۔

ضلع بارکھان کے علاقے کھڈّا چوکی کے مقام پر بندی اور فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد کی جانب سے ایک سرکاری افسر کو حراست میں لیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔

خاران شہر کے قریب اور نوشکی کے علاقے گلنگور میں بھی پاکستانی فورسز کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم ان واقعات کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔