بلوچستان: حادثہ اور فائرنگ، خاتون سمیت بچہ جانبحق، دو افراد زخمی

35
File Photo

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثے اور فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر ایک خاتون سمیت ایک بچہ جانبحق، جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سی پیک روڈ پر مکوئی ڈن کسٹم کے قریب ایرانی تیل بردار زمباد گاڑی کا ٹائر پھٹنے سے گاڑی الٹ گئی، جس کے باعث اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

اطلاعات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک خاتون اور ایک بچہ آگ سے جھلس کر جانبحق ہوگئے، جبکہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

ادھر تربت شہر کے علاقے شاہ آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق عابد ولد فقیر داد، سکنہ آسکانی، موٹر سائیکل پر اپنے گھر جا رہے تھے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔

زخمی کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔