محکمۂ ریلوے نے بلوچستان سے ٹرین سروس آج ایک روز کے لیے معطل کر دی ہے۔
ریلوے حکام کا دعویٰ ہے کہ ٹرین سروس ریلوے ٹریک پر مرمتی کام کے باعث معطل کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق آج پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی روانگی منسوخ کر دی گئی ہے، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس جیکب آباد تک ہی محدود رہے گی۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر بلوچستان میں ٹرین سروس کی معطلی معمول بنتی جا رہی ہے۔ کوئٹہ سے پاکستان کے مختلف شہروں کے لیے چلنے والی ٹرینوں میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے سفر اور ٹرینوں پر ہونے والے حملوں کے خدشات کے باعث متعدد بار ٹرینوں کو بلوچستان کی حدود میں روک دیا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بیلہ میں پاکستانی فورسز پر حملے اور خضدار میں شفیق مینگل کے اڈے پر فدائی حملے کے بعد کوئٹہ میں سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ریلوے اسٹیشن، ریڈ زون، سرکاری عمارتوں اور فوجی تنصیبات کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔



















































