دکی میں روڈ کنسٹرکشن کمپنی کی مشینری اور گاڑیوں کو نامعلوم مسلح افراد نے نذرِ آتش کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق دکی شہر کراس کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے دکی تا چمالنگ روڈ کی تعمیر میں مصروف کمپنی کی مشینری کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں مشینری کو شدید نقصان پہنچا۔
واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، شواہد اکٹھے کیے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں مسلح افراد کی جانب سے تعمیراتی اور معدنیات کی تلاش میں مصروف کمپنیوں کے مقامات کو حملوں کا نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
آج ہی مسلح افراد نے کوئٹہ کے قریب گیس کی تلاش میں مصروف ایک کمپنی کی گاڑی کو راشن سمیت قبضے میں لے لیا تھا۔
بلوچستان میں جاری ان حملوں کی ذمہ داری اکثر بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں، تاہم آج پیش آنے والے ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔


















































