پسنی: چار افراد پاکستانی فورسز کے ہاتھوں حراست بعد لاپتہ

48

بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے علاقے پسنی سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی اطلاعات سامنے آئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق رات گئے پیش آنے والے ایک واقعے میں چار افراد کو حراست میں لیا گیا۔

لاپتہ ہونے والوں میں دو بھائیوں کی شناخت رحیم لعل ولد لعل بخش اور امیر لعل ولد لعل بخش کے ناموں سے ہوئی ہے۔ باقی دو کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی، ذرائع کے مطابق یہ واقعہ پسنی کے علاقے ریک پشت، وارڈ نمبر 7 میں رات تقریباً ایک بجے پیش آیا۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی میں پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ مسلح گروہ بھی موجود تھا، جسے بعض حلقے “ڈیتھ اسکواڈ” کے طور پر بیان کر رہے ہیں۔

بلوچستان میں “ڈیتھ اسکواڈ” کی اصطلاح سرکاری سرپرستی میں کام کرنے والے مسلح گروہوں کے لیے استعمال کی جاتی رہی ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنان ان گروہوں پر ماورائے عدالت کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ جیسے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا مسئلہ گزشتہ دو دہائیوں سے ایک مستقل انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، جس میں ہزاروں افراد جبری گمشدگی کے شکار ہوئے ہیں۔