فیفا ورلڈ کپ: پرتگال اور کانگو کا میچ برابر، انگلینڈ، کولمبیا اور گھانا کی فتوحات

16

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں گروپ مرحلے کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔ پرتگال اور کانگو کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا، جبکہ انگلینڈ، کولمبیا اور گھانا نے اپنے اپنے میچز میں کامیابیاں حاصل کیں۔

پرتگال اور کانگو کے درمیان ہونے والے مقابلے میں دونوں ٹیموں نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ پرتگال نے میچ کے چھٹے منٹ میں ژاؤ ناویس کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم کانگو نے ہمت نہ ہاری اور پہلے ہاف کے اختتام سے قبل یان ویسا نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

دوسرے ہاف میں پرتگال کے جواؤ کینسیلو نے گیند جال میں پہنچائی، تاہم ریفری نے اسے آف سائیڈ قرار دے دیا۔ اس کے بعد بھی پرتگال کو کئی مواقع ملے لیکن وہ گول اسکور نہ کرسکا اور میچ ایک، ایک گول کی برابری پر ختم ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق پرتگال نے 75 فیصد وقت گیند پر کنٹرول رکھا، تاہم ٹیم صرف تین مرتبہ ہی ہدف پر شاٹ لگا سکی۔ اسٹار فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو بھی گول کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے پورے میچ میں صرف 25 مرتبہ گیند کو چھوا، جو کسی بڑے ٹورنامنٹ میں مکمل 90 منٹ کھیلتے ہوئے ان کے کیریئر کی کم ترین تعداد ہے۔ رونالڈو اب پرتگال کے لیے ورلڈ کپ اور یورو کپ سمیت بڑے ٹورنامنٹس کے مسلسل 10 میچز میں گول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

ادھر کولمبیا نے ازبکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ کولمبیا کی جانب سے ڈینیئل منوز، لوئس ڈیاز اور جمینٹن نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔

ایک اور اہم میچ میں انگلینڈ نے کروشیا کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرادیا۔ ٹیکساس میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کا پلڑا شروع سے ہی بھاری رہا۔ کپتان ہیری کین نے 12ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

کروشیا کے مارٹن نے 36ویں منٹ میں اسکور برابر کیا، تاہم چھ منٹ بعد ہیری کین نے دوسرا گول کرکے انگلینڈ کو دوبارہ برتری دلادی۔

پہلے ہاف کے اختتام سے چند لمحے قبل پیٹر موسیٰ نے کروشیا کے لیے گول کرکے مقابلہ دو، دو سے برابر کردیا۔ دوسرے ہاف میں انگلینڈ نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور 47ویں منٹ میں جوڈ بیلنگھم جبکہ 85ویں منٹ میں مارکس رشفورڈ نے گول کرکے اپنی ٹیم کی 2-4 سے کامیابی یقینی بنادی۔

دوسری جانب گروپ ایل کے ایک میچ میں گھانا نے پاناما کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ ٹورنٹو میں کھیلے گئے اس مقابلے کا فیصلہ انجری ٹائم میں کیلب یرینکی کے گول نے کیا۔

میچ کے اختتامی لمحات میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل بھی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد ریفری نے پاناما کے ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھا دیا۔