افغانستان میں پاکستانی فضائی حملے، بچوں سمیت متعدد افراد جاں بحق

109

پاکستان نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب افغانستان کے صوبوں کنڑ، خوست اور پکتیکا میں فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت متعدد شہری جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔

افغان طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی طیاروں نے ڈیورنڈ لائن کے قریب مختلف مقامات کو نشانہ بنایا۔

ان کے مطابق حملوں میں 11 بچے، ایک خاتون اور ایک بزرگ جاں بحق ہوئے، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے متاثرین کی تصاویر بھی جاری کیں۔

طالبان حکام کے مطابق صوبہ خوست کے ضلع سپیرا کے ایک گاؤں میں ہونے والے حملے میں 9 افراد جان سے گئے اور 10 زخمی ہوئے، جبکہ صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل میں بھی کم از کم 3 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق حملہ رات تقریباً ایک بجے کیا گیا۔

پاکستانی حکومت اور فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے تاحال ان دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان سکیورٹی معاملات پر کشیدگی برقرار ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بھی پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے پر سرحد پار کارروائیوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں، جس کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات اور سرحدی صورتحال میں تناؤ برقرار ہے۔