کوئٹہ: ایک اور جبری گمشدگی کا کیس رپورٹ، وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6187ویں روز بھی جاری

13

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد کی سربراہی میں 6187ویں روز بھی جاری رہا۔

احتجاجی کیمپ کے دوران کامریڈ منظور بلوچ نے کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بلوچستان میں جاری جبری گمشدگیوں کے سلسلے کو فوری طور پر ختم کرنے اور تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

دریں اثناء، بلوچستان کے ضلع کیچ سے ایک اور جبری گمشدگی کا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق محمد صادق ولد باہوٹ، عمر 27 سال، پیشہ مزدور، سکنہ بل نگور کیچ، کو 11 جنوری 2026 کی رات تقریباً 11:30 بجے ایف سی اہلکاروں نے ان کے آبائی علاقے سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ واقعے کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں ریاستی دباؤ، ہراسانی اور ممکنہ انتقامی کارروائیوں کے خوف کے باعث متعدد خاندان اپنے پیاروں کی جبری گمشدگی کے واقعات فوری طور پر رپورٹ نہیں کر پاتے، جس کے نتیجے میں بہت سے کیسز مہینوں یا برسوں بعد منظرِ عام پر آتے ہیں۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق یہ صورتحال جبری گمشدگیوں کے مسئلے کو مزید سنگین بناتی ہے اور متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں اضافہ کرتی ہے۔