بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک بار پھر چیدگی روٹ پر ناکہ بندی کرکے متعدد بڑی گاڑیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ٹرالرز سمیت کئی گاڑیوں کے ٹائر فائرنگ سے متاثر ہوئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ پنجگور-چیدگی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ بندی قائم کی تھی، اس دوران وہاں سے گزرنے والی بڑی تجارتی اور مال بردار گاڑیوں کو روکا گیا اور کم از کم تین گاڑیوں کے فائرنگ کی گئی، اور انہیں نقصان پہنچایا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ گاڑیوں میں ٹرالر اور دیگر بڑی مال بردار گاڑیاں شامل تھیں۔ فائرنگ کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم گاڑیوں کو مالی نقصان پہنچا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گزشتہ شب بھی پنجگور-چیدگی شاہراہ پر مسلح افراد نے اسی نوعیت کی ناکہ بندی قائم کی تھی۔ اس دوران بھی تین بڑی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کے ٹائروں پر فائرنگ کرکے انہیں نقصان پہنچایا گیا تھا۔
پنجگور اور اس سے ملحقہ علاقوں میں حالیہ مہینوں کے دوران شاہراہوں پر ناکہ بندی اور ٹرانسپورٹ کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ تاہم پنجگور میں پیش آنے والے واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔
















































