کوئٹہ: جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج جاری

13

جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ آج بروز پیر تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نیاز محمد کی سربراہی میں 6181ویں روز بھی جاری رہا۔

اس موقع پر نیاز محمد نے کہا کہ جبری گمشدگیاں انسانی حقوق، آئینِ پاکستان اور ملکی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور کسی بھی فرد کو قانون کے دائرے سے باہر حراست میں رکھنے یا لاپتہ کرنے کے عمل کا خاتمہ کیا جائے۔

انہوں نے حکومتِ پاکستان، عدلیہ، پارلیمان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ تمام جبری لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے، اور جبری گمشدگیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک جبری گمشدگیوں کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، متاثرہ خاندانوں کی پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔