کوئٹہ، خضدار: عید کے روز جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج کا اعلان

28

لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف عید کے روز بلوچستان کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا جائے گا۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ وی بی ایم پی کی جانب سے عید کے روز سہ پہر تین بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لاپتہ افراد کی عدم بازیابی، جبری گمشدگیوں اور لاپتہ افراد کے قتل کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

نصراللہ بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سالوں سے ہزاروں افراد ریاستی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا نشانہ بنے ہیں اور ان کے اہلخانہ برسوں سے اذیت کی زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عید کے روز احتجاج کا مقصد دنیا کو بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور جبری گمشدگیوں کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے۔

ادھر بلوچستان کے ضلع خضدار میں لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے عید کے روز احتجاجی ریلی منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جو کل بروز بدھ شام پانچ بجے شہید عبدالرزاق چوک سے نکالی جائے گی۔

وی بی ایم پی اور لاپتہ افراد کے لواحقین نے خضدار اور کوئٹہ میں موجود تمام باشعور اور انسان دوست شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاج میں شرکت کرکے لاپتہ افراد کے لواحقین کی آواز بنیں۔