تفصیلات کے مطابق دالبندین کے قریب شاہراہ N-40 پر ڈھڈر لانڈھی کے مقام پر ایک حادثہ پیش آیا۔ کوئٹہ سے تفتان جانے والے ٹرالر اور تفتان سے کوئٹہ آنے والی فیلڈر گاڑی کے درمیان آمنے سامنے تصادم ہوا۔
اس حادثے میں 9 افراد ہلاک اور 5 افراد شدید زخمی ہوئے۔
ہلاک ہونے والوں کا تعلق لاہور، جہلم، میانوالی اور اسلام آباد سے بتایا گیا ہے۔ پولیس نے ٹرالر ڈرائیور کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
پشین کے علاقے خانوزئی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک رکشہ گہری کھائی میں جا گرا۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ رکشہ کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔
حادثے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جبکہ گزشتہ روز جھل مگسی میں ایک بڑا حادثہ اس وقت پیش آیا جب خضدار سے آنے والی مسافر کوچ M8 شاہراہ پر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر ندی میں الٹ گئی۔
حادثے میں ایک خاتون اور کم سن بچے سمیت 8 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے۔


















































