بلوچ لبریشن آرمی نے بلوچ سمندروں کے دفاع کے لیے اپنے باقاعدہ بحری ونگ حمل میری ٹائم ڈیفنس فورس (Hammal Maritime Defence Force – HMDF) کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کی تحصیل جیونی میں سمندر کے اندر پاکستان کوسٹ گارڈ پر حملے کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔
بی ایل اے نے اس نئی ذیلی فورس کی پہلی آپریشنل کارروائی کی دو منٹ اور 32 سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو تنظیم کے آفیشل چینل ہکل پر جاری کی ہے۔
ویڈیو میں چار نقاب پوش سرمچاروں کو جدید اسلحے سے لیس سمندر کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
کارروائی سے قبل وہ بلوچی زبان میں ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ جب تک اس سرزمین پر بلوچ کا ایک بھی فرزند باقی رہے گا، ہم تمہیں (دشمن کو) اس سمندر اور زمین پر رہنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ سرزمین ہماری ہے، اور اس ساحل کی حفاظت کے لیے ہمارے نوجوانوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔
وہ مزید کہتے ہیں کہ آج بھی ہم تیار ہیں، کل بھی ہم تیار تھے اور مستقبل میں بھی تیار رہیں گے۔ ہم اپنے دشمن سے کہتے ہیں کہ اس سرزمین سے نکل جاؤ۔ ہم تمہیں نہ زمین پر اور نہ سمندر میں محفوظ رہنے دیں گے، ہر جگہ تمہیں ضربیں پڑیں گی۔”
بعد ازاں وہ ایک اسپیڈ بوٹ میں سوار ہو کر گہرے سمندر میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے ایک اسپیڈ بوٹ پر حملہ آور ہوتے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلوچ جنگجو پرسکون انداز میں اسپیڈ بوٹ میں موجود تین اہلکاروں کو ہلاک کرتے ہیں۔ حملے کے دوران ایک اہلکار جان بچانے کے لیے گہرے سمندر میں چھلانگ لگاتا ہے، تاہم اسے سمندر میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تنظیم دشمن کو متنبہ کرتی ہے کہ اب ان کا عسکری دائرہ کار صرف پہاڑوں اور شہروں تک محدود نہیں رہا، بلکہ وہ دشمن کو اس کی بحری تنصیبات اور اثاثوں سمیت گہرے سمندروں میں بھی ہدف بنانے کی مکمل صلاحیت حاصل کر چکے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ جنگ دشمن کے مکمل انخلاء اور آزاد و خودمختار بلوچ ریاست کی بحالی تک پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی۔


















































